پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ مکمل طور پر ٹیکس فری ہوگا: عظمیٰ بخاری

Published On 12 June,2025 12:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کا بجٹ مکمل طور پر ٹیکس فری ہوگا، تنخواہ دار طبقے کیلئے ریلیف دیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبے نے صفائی، تعلیم اور عوامی فلاح کے شعبوں میں نئی تاریخ رقم کی ہے، صوبہ پنجاب کا مالی سال 26-2025 کا بجٹ مکمل طور پر ٹیکس فری ہوگا، جو 16 جون کو پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا گیا ہے، جو لوگ ٹیکس نہیں دیتے ان کو ٹیکس نیٹ میں لانا چاہیے، وزیراعلیٰ پنجاب نے مختلف محکموں کی جانب سے دی گئی اضافی ٹیکس تجاویز کو مسترد کر کے عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے، مریم نواز کے ہوتے ہوئے پنجاب کے عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہیں ہو سکتی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام سے نہ صرف صوبہ پنجاب میں صفائی کے حوالے سے انقلابی تبدیلی آئی بلکہ دوسرے صوبوں کو بھی اس ماڈل سے سیکھنے کا موقع ملا، بعض صوبوں کو اس پروگرام سے بہت تکلیف ہوئی، کام کرنے کیلئے 15 یا 16 سال نہیں، صرف ایک سال ہی کافی ہوتا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ پنجاب تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور عوام کی زندگیوں میں آسانی آ رہی ہے، ہماری خواہش ہے دوسرے صوبے بھی ترقی کریں، گزشتہ ایک سال میں محکمہ تعلیم میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔