لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت کی جانب سے مالی سال 26-2025 کا بجٹ 16 جون کو پیش کیا جائے گا جس کے اہم خدوخال دنیا نیوز سامنے لے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ میں صحت، تعلیم اور کھیلوں کے شعبوں میں اربوں روپے کے منصوبے شامل کیے گئے ہیں جن میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے منسوب نئے و جاری منصوبے بھی شامل ہیں۔
لاہور میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے لیے 12 ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں جبکہ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے قیام کے لیے 6 ارب 18 کروڑ 89 لاکھ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
قصور میں میاں نواز شریف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے لیے 20 کروڑ روپے اور سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے لیے 2 ارب 56 کروڑ 82 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز شامل ہے۔
بھلوال میں نواز شریف ٹیچنگ ہسپتال کی فزیبلٹی سٹڈی کے لیے 50 لاکھ روپے جبکہ محمد نواز شریف یو ای ٹی کے جاری منصوبے کے لیے 1 کروڑ 70 لاکھ روپے کی تجویز دی گئی ہے۔
کھیلوں کے شعبے میں سیالکوٹ میں نواز شریف ہاکی گراؤنڈ کی بحالی کے لیے 5 کروڑ روپے اور سپورٹس گراؤنڈ میں ٹینس کورٹ کی تعمیر کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نام سے منسوب صحت کے منصوبوں میں "مریم نواز کمیونٹی ہیلتھ سروسز پروگرام" کے لیے 12 ارب 58 کروڑ 42 لاکھ روپے، "مریم نواز ہیلتھ کلینک" کے لیے 8 ارب 68 کروڑ 76 لاکھ روپے اور رورل ہسپتالوں میں پرفارمنس بیسڈ اقدامات کے لیے 3 ارب روپے کی تجویز دی گئی ہے، اسی طرح "وزیر اعلیٰ پنجاب ہیلتھ ریفارمز" کے تحت 1 ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں۔
علاوہ ازیں راولپنڈی میں چلڈرن ہسپتال کے لیے 6 ارب روپے، ملتان میں نرسنگ ایجوکیشن سینٹر آف ایکسیلنسی کے قیام پر 10 کروڑ، بہاولنگر میں 200 بیڈز کے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے لیے 50 کروڑ روپے اور لاہور کے جوبلی ٹاؤن میں فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز کے لیے 67 کروڑ 94 لاکھ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ آئندہ بجٹ میں ڈیرہ غازی خان کے ٹیچنگ ہسپتال میں ایمرجنسی بلاک کے قیام کے لیے بھی 2 کروڑ روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔