لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل آگیا۔
صوبائی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئی، انہوں نے عاجزی اور خدمت کو اپنا اڑوھنا بچھونا بنایا، مریم نواز کی عاجزی اور انکساری ہی ان کی مقبولیت کی وجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے طرز حکومت کے سندھ کے لوگ بھی دیوانے ہیں، یہی آپ کا اصل مسئلہ ہے، متکبر اور غرور سے بھرے وہ لوگ ہیں جو دو اور تین ٹرم سے اقتدار انجوائے کر رہے ہیں اور کارکردگی صفر ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں جلنے کڑھنے اور بیان بازی کا کوئی فائدہ نہیں، آپ کے بقول سندھ میں اچھا سسٹم لے آئے ہیں تو چلیں شاباش! اب کراچی کا کوڑا تو اٹھالئیں، پنجاب کی فکر کرنے کے لیے پنجاب کے وارث موجود ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ سندھ میں بیٹھے متکبر لوگوں کو سندھیوں کے حال پر رحم کھانا چاہیے، پنجاب میں پہلے بھی مضبوط بلدیاتی نظام مسلم لیگ ن نے بنایا تھا، انشاءاللہ! اب بھی بنائیں گے ،جس جماعت کے پنجاب کے صوبائی حلقوں سے 400 ووٹ اور یونین کونسل سے 50 ووٹ نکلے ہیں جلد ہی ان کا امتحان شروع ہونے والا ہے۔