راولپنڈی:(دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگریب نے کہا ہے کہ عید کے دوران صفائی کو ڈیجیٹل انداز میں کیا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب کا سب سے بڑا کلین اپ آپریشن کیا گیا، ہم نے صفائی آپریشن سے قبل ڈیڑھ کروڑ لفافے تقسیم کئے۔
انہوں نے کہا کہ عید کے دوران صفائی کو ڈیجیٹل انداز میں کیا، اگر آلائشیں نہیں اٹھائی جاتی تو فیڈ بیک دیں، آلائشیں اٹھا کر عرق گلاب ڈالا گیا ،چونا ڈالا گیا، جتنی آلائشیں اٹھائی گئی اس سب کو سیف سٹی کے ذریعہ مانیٹر کیا گیا۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہر تحصیل نے اپنا ڈیٹا ڈیجیٹل ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کیا ، شدید گرمی میں ورکرز نے کام کیا ، وزیر اعلیٰ کا اگلا قدم عید پر جمع کئے گئے گند کو انرجی میں بدلنے کا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پورے پنجاب کی ضلعی انتظامیہ کو شاباش پیش کرتی ہوں، جو اہلکار سڑکوں پر شدید گرمی میں کام کر رہے تھے، ان کو مبارک ہو ، آج پورا پاکستان وزیر اعلیٰ پنجاب کو شاباش دے رہا ہے، انہوں نے کام کر کے دکھایا، کام کرنے کی نیت ہو تو سب ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں نے کہا کہ ہم نے میڈیا مینجمنٹ کی، ہم نے میڈیا مینجمنٹ نہیں کام کر کے دکھایا، ہمارے وزیر بلدیات نے مختلف تحصیلوں کا دورہ کیا، دیگر صوبے اپنے کام میں جدت لائیں تنقید نہ کریں، اچھے کام کو دیکھ کر خود بھی کیا جاتا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں پانی ،سیوریج صفائی کے منصوبہ لارہے ہیں، عید کے تین دن میڈیا نے بھی ہماری کافی مدد کی، پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا پرائیویٹ پبلک پراجیکٹ ہے، عوام پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سرا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ہر آنے والا روز نیا ویژن، سب لوگوں کو نظر آئے گا، لکھو ڈیر ویسٹ سائڈ کو بھی متھین گیس پراجیکٹ دینے جا رہے ہیں، صفائی کے کام میں شریک مزدوروں کو محنت کا انعام وزیر اعلیٰ پنجاب دیں گی۔