مسلمان کو شریعت کی ترجیح نظر انداز نہیں کرنی چاہیے: مولانا فضل الرحمان

Published On 14 June,2025 07:25 pm

کراچی:(دنیا نیوز) سربراہ جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی)سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مسلمان کو شریعت کی ترجیح نظر انداز نہیں کرنی چاہیے۔

شہر قائد میں ڈیجیٹل میڈیا تربیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اللہ پاک نے آدم علیہ اسلام کو دنیا و جہاں کا علم دیا، اللہ کا بابا آدم کو علم دنیا بنی آدم کو تمام قسم کے علوم حاصل کرنے کی استدعا دینا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ علم کے مختلف شعبے ہیں، دور حاضر کی مناسبت سے جدید علم، سائنس اور ڈیجیٹل شعبوں میں علم حاصل کریں، دور جدید انسان کو علم حاصل کرنے کی استدعا کا تقاصا ہے، دور جدید کے تقاضوں کے عین مطابق علم حاصل کریں۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا بھی دور حاضر کا تقاضا ہے، میڈیا میں خبر کو تلاش کرنا اور اچھی خبر نکالنے کی کوشش ہوتی ہے، شر سے محفوظ رہنا اور حلال و حرام کا فرق بھی ضروری ہے،علم کے مختلف حصوں کو تقسیم کردینا صحیح عمل نہیں ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس دور کے نئی ایجادات، نئی تحقیق سب علم ہیں اور اس میں ترقی کرنا یہ انسان کو دی گئی علم کا استعداد ہے، اس پر قدغن لگانا صحیح عمل نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا آج کے دور کی ایجاد ہے، اس کےفائدے کے پہلو بھی ہیں اور نقصانات کے پہلو بھی ہیں، یہ انسان پر منحصر ہے کہ انسان اس کو صحیح استعمال کریں گے تو فائدے حاصل ہوں گے، اس جدید ایجاد کا استعمال غلط طریقے سے کیا جائے تو اس کے بہت نقصانات سامنے آئیں گے۔

سربراہ جے یوآئی کا مزید کہنا تھا کہ ایک سیاسی کارکن اس سوشل میڈیا کو اچھی طرح جان چکا ہے، ایک مسلمان کو شریعت کی ترجیح نظر انداز نہیں کرنی چاہیے۔