اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل تمام سازشوں کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرانے میں ناکام رہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل کوآپریشن ریویو گروپ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ ہوا، اجلاس کے دوران چین نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے پاکستان کیلئے ریلیف کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ترکی نے بھی چین کے موقف کی توثیق کی، جاپان نے بھی پاکستان کی مکمل حمایت کی چونکہ وہ ایشیا پیسفک گروپ کے شریک چیئرمین ہے۔
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) June 15, 2025
ان کا کہنا تھا کہ اگر حقیقت پسندی سے جائزہ لیا جائے تو پاکستان اب تک ایف اے ٹی ایف کی تمام ضروریات کو پورا کرچکا ہے، اب اس کا کسی بھی لسٹ میں رہنے کا کوئی جواز نہیں، تاہم پاکستان کے لئے یہ بہت بڑی فتح ہے۔
خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ بھارت اور اسرائیل کی تمام سازشوں کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔