اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ حکومت کی سپورٹ کا مطلب یہ نہیں ہم اس بجٹ کا حصہ ہیں۔
رہنما پیپلزپارٹی شازیہ مری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سولر پینلز پر 18 فیصد ٹیکس کو پیپلزپارٹی سپورٹ نہیں کرتی، سولر پینلز پر 18 فیصد ٹیکس ہرگز قابل قبول نہیں، عوام پہلے ہی مہنگائی کا سامنا کر رہی ہے، حکومت نے بجٹ میں کم سے کم اجرت کا بھی اعلان نہیں کیا۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پی ایس ڈی پی کی سکیمیں سندھ کو کیوں نہیں دی گئیں، کب سے ایک صوبے کا کام وفاقی حکومت کرنے لگی ہے؟ سندھ کو آپ نے کالونی سمجھ رکھا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے، کراچی سندھ کا ہے اور سندھ کا رہے گا۔