اسلام آباد:چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے متعلق ریلیف عدالتوں سے لیں گے۔
وفاقی دارالحکومت میں دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کوئی ڈیل نہیں کروں گا، ڈیل کا کوئی جواز اور امکان نہیں ہے، عمران خان یا تحریک انصاف نے کبھی کسی ملک سے تعاون کی التماس نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ جو ریلیف ملے گا وہ آئین اور قانون کے مطابق عدالتوں سے لیا جائے گا، عدالتیں بہت مشکل حالات میں کام کر رہی ہیں، ہم نے کبھی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے نئی امریکی انتظامیہ سے امیدیں نہیں لگائیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے وفد نے ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا ہے، ہم نے ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے، ایران میں ہونے والی اموات پر ہم نے تعزیت کی۔
بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ایرانی سفیر کو بتایا کہ پاکستانی حکومت، اپوزیشن اور عوام سب آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم نے اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کی ہے۔