26 نومبر احتجاج کیس: پی ٹی آئی کی سٹیٹ کونسل مقرر کرنے کیخلاف اپیل منظور

Published On 17 June,2025 12:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے 26 نومبر احتجاج کیس میں سٹیٹ کونسل مقرر کرنے کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیل منظور کر لی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے تھانہ رمنا کے مقدمہ نمبر 976 میں سٹیٹ کونسل مقرر کرنے کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیل منظور کی ہے۔

عدالت نے ٹرائل کورٹ کا سٹیٹ کونسل کی تقرری کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عامر ضیاء نے پی ٹی آئی کی اپیل پر فیصلہ سنایا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے سٹیٹ کونسل کی تقرری کیخلاف اپیل دائر کی گئی تھی، جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے ملزمان کے وکلاء کی عدم حاضری پر سٹیٹ کونسل مقرر کیا تھا۔

دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ احمد جنجوعہ کیخلاف مبینہ بارودی مواد برآمد ہونے کے کیس میں ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کردیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس پر سماعت کی، عدالت نے کیس کی سماعت 28 جولائی تک ملتوی کردی، اگلی سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی، پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج ہے۔