ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے تو ضروری ہے کہ وزیراعظم بانی ہوں: پی ٹی آئی

Published On 13 June,2025 08:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملک کو اگر بحرانوں سے نکالنا ہے تو ضروری ہے کہ وزیراعظم بانی پی ٹی آئی ہوں۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، شیخ وقاص اکرم، عارف مبین جٹ اور دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اسرائیل کے ایران پر حملہ کی مذمت کرتی ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے کہا کہ یہ حملہ پوری امہ پر حملہ سمجھا جانا چاہئے، حملہ خطے کے امن کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے، خیبرپختونخوا کے لئے صرف 55 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، وفاقی رجیم خیبرپختونخوا کے عوام سے بدلا لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو دعائیں دیں جنہوں نے روشن ڈیجیٹل متعارف کروایا ، اس کی وجہ سے ابھی بھی پاکستان میں پیسہ آ رہا ہے، ملک تب ترقی کرے گا جب آئین اور قانون کی پاسداری ہو گی، ہمارے تمام اسیران کو رہا کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ جتنی اشیا خورونوش کی قیمتیں ہیں وہ تقریباً سو فیصد سے دوسو فیصد پچھلے تین برسوں میں بڑھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹریڈ ڈیفیسٹ میں ہے، امپورٹس بڑھتی جا رہی ہیں لیکن ایکسپورٹس میں اضافہ نہیں ہو رہا، انہوں نے ہر چھوٹی چیز پر ادارہ بنا دیا ہے، پاکستان کی لائیوسٹاک، زراعت کا 63 فیصد حصہ ہے، شہد ، دودھ اور دیگر چیزیں لائیو سٹاک میں آ جاتی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان صرف مڈل ایسٹ کی حد تک گوشت ایکسپورٹ کر رہا ہے، یہ لوگ ٹریڈ پروموٹ کرنے کے حق میں ہی نہیں ہیں، ان کو یہ عادت ہی نہیں کہ سنت پر عمل کر کے تجارت کو فروغ دیں۔

انہوں نے کہا کہ بیف کی قیمت تین تین ہزار روپے ہے دوسرے ممالک میں ، ہم صرف 1700-1800 دینے والے ممالک میں گوشت بھیج رہے ہیں، پاکستان میں ٹوٹل 4 کمپنیاں تھیں جو فیومیگیشن کر سکتی تھیں، وہ چاروں ایک ہی ایڈریس پر رجسٹرڈ تھیں اور اربوں روپے کما رہی تھیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ ہماری فوڈ اینڈ سکیورٹی منسٹری نے باہر کے ممالک کوخط لکھا، خط میں ان کا کہنا تھا کہ آپ کے پروڈکٹس کی ہم فیومییگیشن کریں گے بیشک پہلے سے بھی ہوئی ہو، صرف ان چار اداروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے یہ کام کیا گیا۔