بلوچستان کا ہزار ارب روپے سے زائد حجم کا بجٹ 17 جون کو پیش ہوگا

Published On 13 June,2025 02:40 pm

کوئٹہ : (دنیا نیوز) بلوچستان کا آئندہ مالی سال کا صوبائی بجٹ 17 جون کو پیش کیا جائے گا جس کا کل حجم ایک ہزار ارب روپے سے زائد ہوگا۔

بجٹ اجلاس 17 جون کو شام 4 بجے اسمبلی ہال میں ہوگا، بجٹ صوبائی وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی پیش کریں گے، بجٹ کا مجموعی حجم ایک ہزار ارب روپے سے زائد ہوگا۔

ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کی طرح آئندہ مالی سال کا بجٹ بھی سرپلس ہوگا، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات کے لئے 600 ارب روپے سے زیادہ مختص کیے جانے کا امکان ہے جبکہ صوبائی ترقیاتی پروگرام کے لیے 250 ارب روپے مختص کیئے جائیں گے۔

محکمہ خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ امن وامان، تعلیم اور صحت کے شعبوں کو بجٹ میں ترجیح دی جا رہی ہے، صوبائی سرکاری ملازمین کی تنخواہیں وفاق کے اعلان کے مطابق بڑھائی جائیں گی۔