تحریک انصاف نے فیلڈ مارشل کی ملاقات سے متعلق کوئی سوال نہیں اٹھائے: رؤف حسن

Published On 21 June,2025 12:57 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا کہ جیل مینوئل کے مطابق بانی سےملاقات نہیں کرائی جارہی۔

رہنما پی ٹی آئی رؤف حسن نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود بانی سے ملاقات کیوں نہیں کرائی جاتی، بانی کے وکلا کو بھی ملاقات نہ ہونے سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔

رؤف حسن نے کہا کہ بانی کی ہدایت کےمطابق ہی پارٹی آگے بڑھتی ہے، بجٹ کے حوالے سے بانی کی ہدایات بہت ضروری ہیں، وفاقی حکومت آج ملاقات کرا دے تو خیبرپختونخوا میں بھی بجٹ پاس ہو جائےگا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف نے فیلڈ مارشل کی ملاقات سے متعلق کوئی سوال نہیں اٹھائے، جو بھی قدم ملک اور قوم کے مفاد میں ہوگا ساتھ دیں گے، فیلڈ مارشل کی ملاقات کے مثبت نتائج نکلتے ہیں تو ہم سپورٹ کریں گے۔

رؤف حسن کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے باتیں ہو رہی ہیں، ایران، اسرائیل کشیدگی کی وجہ سے تحریک مؤخر کی گئی ہے، اگرخطے میں مزید یہی صورتحال رہی توتحریک کو مزید موخر کرسکتے ہیں۔