جہاد کا اعلان صرف ریاست کر سکتی، کسی فرد یا گروہ کو اختیار نہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

Published On 22 June,2025 12:30 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ جہاد کا اعلان صرف ریاست کر سکتی ہے، کسی فرد یا گروہ کو یہ اختیار حاصل نہیں۔

کراچی میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے مختلف مذاہب اور سماجی حلقوں سے خصوصی ملاقات کی اور تبادلۂ خیال کیا، اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا والہانہ خیرمقدم کرتے ہوئے اُن سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والے برابر کے شہری ہیں اور اُنہیں آئینی طور پر مکمل حقوق حاصل ہیں، کیونکہ قومی اتحاد برابری اور ہم آہنگی سے ہی قائم رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، پاک فوج جدید جنگی حکمت عملی کے ساتھ دشمن کو جواب دے رہی ہے، نسلی یا لسانی نفرت جہالت ہے، تمام پاکستانی برابر ہیں، متحد رہیں گے تو کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جہاد کا اعلان صرف ریاست کر سکتی ہے، کسی فرد یا گروہ کو یہ اختیار حاصل نہیں۔

اس موقع پر مختلف مذاہب اور سماجی طبقات کے نمائندوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ ملاقات کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس نوعیت کی نشستیں جاری رہنی چاہئیں۔