اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں مون سون کی بارشوں کا آغاز، جڑواں شہروں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی میں صبح سویرے موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب میں بادل برسنے لگے ہیں، گجرات اور گوجر خان میں بارش ہوئی جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بادلوں کا راج ہے، فیصل آباد اور گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون سیزن میں معمول سے 25 فیصد زائد بارشیں برسنے کے امکانات ہیں، پنجاب میں بارشوں کی شدت تیز ہوگی، شدید بارشیں ہونے کے باعث اربن فلڈنگ کے خدشات بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے مظفرآباد و گردونواح میں موسم خوشگوارہوگیا، وادی لیپہ کے علاقوں میں بارش ہوئی، بالائی مقامات پر موسم سرد ہونے لگا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔