ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، ایڈوائزری جاری

Published On 24 June,2025 06:49 pm
Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، این ڈی ایم اے نے موسمی صورتحال کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق کشمیر، خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر تیز، موسلادھار بارش کی توقع ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں داخل ہو رہی ہیں اور اگلے چند روز میں شدت اختیار کرنے کا امکان ہے، 25 جون کو مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گا۔

این ڈی ایم اے نے 25 جون تا یکم جولائی ممکنہ موسمی صورتحال کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی، ایڈوائزری کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، باغ، راولاکوٹ اور مظفرآباد میں شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق سندھ کے مختلف علاقوں بشمول سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، کراچی، تھرپارکر، میرپور خاص، ٹھٹھہ اور بدین کے مختلف مقامات پر 25 تا 28 جون آندھی طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بنیر، ہزارہ، پشاور، صوابی اور سوات کے مختلف علاقوں میں آندھی طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں بشمول استور، سکردو، گلگت، ہنزہ، شگر، دیامیر، نگر،غزر، گھانچے کے علاقوں میں بارش جبکہ گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق تیز ہواؤں، آندھی اور طوفان کے دوران کمزور درخت، کچی دیواریں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، آندھی اور طوفان کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز سے دور رہیں۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری اپنی گاڑیوں کو شیڈ کے نیچے یا دیگر محفوظ جگہ پر پارک کریں، آندھی اور طوفان کے دوران حد نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے جو حادثات کا باعث بنتی ہے لہٰذا محتاط رہیں۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، عوام سے گزارش ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کیلئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لیں۔




Recommended Articles