پشاور ہائیکورٹ: وقاص اکرم کی حفاظتی ضمانت کی درخواست منظور

Published On 26 June,2025 05:01 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کی جانب سے دائر حفاظتی ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔

پی ٹی آئی رہنما و مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کی جانب سے دائر حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت جسٹس نعیم انور اور جسٹس کامران حیات میاں خیل نے کی۔

شیخ وقاص اکرم وکلا سمیت عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ لوگوں کو تنگ نہ کیا کریں اور عدالت نے شیخ وقاص اکرم کی درخواست منظور کرلی۔

عدالت نے متعلقہ فریقین سے جواب طلب کرلیا، عدالت نے درخواست گزار کو کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

پشاور ہائیکورٹ کے حکم نامے کے مطابق جب تک تفصیلات فراہم نہیں کی جاتیں اس وقت تک درخواست گزار کو گرفتار نہ کریں۔

دوسری جانب مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہائی کورٹ آنے کا مقصد میری ضمانت ہے جس پر مجھے ضمانت مل گئی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے کہ یہاں کی عدالتوں سے انصاف ملتا ہے، پنجاب، بلوچستان اور دیگر صوبوں کے عوام کو یہاں سے قانون کے مطابق انصاف ملتا ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی درخواست مسترد کر دی گئی، ہم نے اس فیصلے کے حوالے سے پورے پنجاب میں بھرپور احتجاج کیا، 26 ویں ترمیم کے بعد جو خدشات کا اظہار کیا وہ آج نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے وکلا سمیت ان کی بہنوں کو بھی ملنے نہیں دیا جاتا، یہ تماشہ زیادہ دیر تک نہیں چلے گا، ایسا کرنا ریاست کو کمزور کرنا ہے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف ایک پٹیشن نہیں درجنوں موجود ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سےعمر ایوب اور چیف ایگزیکٹو کو نہیں ملنے دیا جا رہا، یہ سب دنیا دیکھ رہی ہے، انٹرنیشنل ادارے اس کو سب دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کو ختم ہونا ہے اس کا خاتمہ نہیں ہوتا تو پاکستان میں نظام تباہ ہو جائے گا، جو ججز 26 ویں ترمیم کے حوالے سے متاثر ہوئے ہیں ہم ان کے ساتھ ہیں، بانی پی ٹی آئی کو زیادہ دیر تک قید میں رکھا گیا تو یہ ٹھیک نہیں ہوگا۔