اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان نے بچوں اور مسلح تنازعات سے متعلق اقوام متحدہ کی سالانہ رپورٹ سے اپنا حوالہ ہٹانے کے سیکرٹری جنرل کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ اہم پیشرفت حکومتِ پاکستان کی اقوامِ متحدہ سے تعمیری اور بھرپور سفارتی روابط، قریبی تعاون کا نتیجہ ہے، فیصلہ اس بات کا اعتراف ہے کہ پاکستان نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مضبوط اقدامات کئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ اس امر کی توثیق ہے کہ پاکستان نے اپنے قانونی و ادارہ جاتی ڈھانچے کو بین الاقوامی اصولوں سے ہم آہنگ کیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اقوامِ متحدہ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔