نیویارک: (دنیا نیوز) مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری امن کی اپیل پر توجہ نہیں دی گئی، امن کو موقع دینے کے بجائے ایران پر حملہ کیا گیا، خطے کے لوگ مزید تباہی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ لڑائی روک کر جوہری پروگرام پر دوبارہ مذاکرات شروع کریں، سفارت کاری کو موقع دیں، شہریوں کی حفاطت کریں، ایران کی خود مختاری اور عالمی قوانین کا احترام کیا جائے، اقوام متحدہ امن کی ہر کوشش کی حمایت کرے گا۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم قیام امن کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، ہار نہیں مانیں گے، محفوظ سمندری راستوں کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب پاکستان نے ایران سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، انہوں نے فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
عاصم افتخار نے کہا کہ ایران کے حق دفاع کی بھرپورحمایت کرتے ہیں، گزشتہ اجلاس میں خطرناک کشیدگی سے خبردار کیا گیا تھا، سفارت کاری سے امن کی کوششوں کو نظر انداز کیا گیا، پاکستان نے یو این چارٹر کے مطابق اصولی مؤقف اپنایا۔