فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی آرمی چیف کا رابطہ، جنگ میں حمایت پر اظہار تشکر

Published On 29 June,2025 10:10 pm

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل عبدالرحمان موسوی نے اسرائیل کے خلاف 12 روزہ جنگ کے دوران حمایت پر پاکستان سے باضابطہ اظہار تشکر کیا ہے۔

ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق جنرل موسوی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلیفونک گفتگو میں ایران کی حکومت مسلح افواج اور عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اصولی اور جرات مندانہ حمایت نے ایران کے مؤقف کو تقویت دی اور خطے میں یکجہتی کو پیغام دیا۔

واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے ایران کے مختلف علاقوں پر اچانک حملوں کا آغاز کیا تھا، جن میں ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب کے سینئر کمانڈرز سمیت جوہری سائنسدان بھی شہید ہوئے۔

ابتدائی حملے شہری و عسکری اہداف پر انتہائی تباہ کن نوعیت کے تھے۔ اس کے بعد امریکا نے بھی فردو، اصفہان اور نطنز میں ایرانی جوہری تنصیبات پر فضائی کارروائیاں کیں، جس سے خطے میں ایک نئی جنگی فضا پیدا ہو گئی، جوابی کارروائی میں ایران نے اسرائیل پر درجنوں میزائل داغے جنہوں نے تل ابیب سمیت دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا ۔

پاکستان نے اس جنگ کے دوران بارہا خطے میں امن کی بحالی پر زور دیا لیکن ساتھ ہی یکطرفہ جارحیت کی مذمت اور ایران کی خودمختاری کے دفاع کی حمایت کا اعلان بھی کیا، پاکستانی وزارت خارجہ اور اعلیٰ عسکری قیادت کی سطح پر جاری بیانات میں مسلم امہ کے اتحاد اور علاقائی خودمختاری کے احترام کو مرکزی نکتہ قرار دیا گیا۔