تہران: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) تہران میں ان 60 افراد کے لیے ایک تاریخی جنازے کا اہتمام کیا گیا جنہیں اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران شہید کیا گیا، ان شخصیات میں اعلیٰ فوجی کمانڈرز اور جوہری سائنسدان بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنازے کی سرکاری تقریب تہران کے معروف انقلاب چوک میں منعقد کی گئی ہے، جس کے بعد ایک جلوس کی شکل میں 11 کلومیٹر طویل راستہ طے کر کے آزادی چوک تک لے جایا جائے گا۔
— Press TV (@PressTV) June 28, 2025
تہران کی اسلامی ترقیاتی رابطہ کونسل کے سربراہ محسن محمودی نے اعلان کیا ہے کہ یہ دن اسلامی ایران اور انقلاب کے لیے ایک تاریخی دن ہے، تہران میں شہداء کے جنازے میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گیے ہیں۔
— Press TV (@PressTV) June 28, 2025
شہید ہونے والوں میں اہم فوجی شخصیت میجر جنرل محمد باقری شامل ہیں، جو ایران کی پاسدارانِ انقلاب میں اعلیٰ عہدے پر فائز اور ایرانی مسلح افواج کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے بعد دوسرے اہم ترین کمانڈر تھے، انہیں ان کی اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ دفن کیا جائے گا۔
اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے نیوکلیئر سائنسدان محمد مہدی طہرنچی کو ان کی اہلیہ کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی، جو جنگ کے پہلے روز ہلاک ہو گئے تھے، انہیں بھی سپرد خاک کیا جائے گا، تقریب میں کم از کم 30 دیگر اعلیٰ فوجی کمانڈرز کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا، ان 60 افراد میں چار بچے بھی شامل ہیں، جن کی تدفین کا عمل کیا جائے گا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں 600 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جن میں اکثریت عام شہریوں کی تھی۔