محسن نقوی اور طلال چودھری کا 14 سال سے زیر التوا ماڈل جیل کا دورہ

Published On 01 July,2025 09:20 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے اسلام آباد میں 14 برس سے زیر التوا ماڈل جیل کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی اور طلال چودھری نے زیرتعمیر ماڈل جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا، وزیرداخلہ نے پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کو رواں برس مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ دن رات کام کرکے تعمیراتی سرگرمیاں ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں، پہلے مرحلے میں ماڈل جیل میں 1500 قیدیوں کی گنجائش ہوگی، ماڈل جیل میں 90 دن کے اندر دو مزید بیرکوں کی تعمیر کی ہدایت کردی گئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ جیل میں 34 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور مین کچن کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس ماڈل جیل میں سٹاف کی تعیناتی کے لیے پلان پیش کریں۔

جیل کی تعمیر کا منصوبہ 2011 میں شروع ہوا تھا، کئی سال تعطل کا شکار رہا، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر۔ اے ڈی سی جی، سی ڈی اے حکام، کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس بھی اس موقع پر موجود تھے۔