جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا

Published On 01 July,2025 05:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں ذرا سی ہلچل پر سارا بوجھ عوام پر منتقل کر دیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اشرافیہ کو نوازو، جاگیرداروں کو بچاؤ اور عوام کی کمر توڑو ، حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کمی پر حکومت نے ریلیف دینے سے انکار کر دیا تھا لیکن عالمی منڈی میں ذرا سی ہلچل پر سارا بوجھ عوام پر منتقل کردیا، معیشت کی ترقی کے اعداد وشمار اور اشتہارات سب جھوٹے ثابت ہو رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں، لیوی ختم اور قیمتیں کم کی جائیں۔