نواسہ رسولؐ کی جدوجہد ظلم و جبر کیخلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے: مریم نواز

Published On 06 July,2025 11:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جلیل القدر رفقاء کو سلام پیش کرتے ہیں، نواسہ رسولﷺ کی جدوجہد ظلم اور جبر کے خلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے۔

یوم عاشور پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ اہل بیت سے محبت ہر مسلمان کے عقیدے اور ایمان کا جز ہے، حضرت امام حسینؓ کی شہادت نے امر کر دیا کہ تخت و تاج فانی ہے اصول اور ایمان باقی ہیں، شہادت حسینؓ محض رنج و الم کا استعارہ نہیں بلکہ تحریک حیات ہے۔

انہوں نے کہا کہ حسنؓ اور حسینؓ حضرت محمدﷺ کے دو پھول ہیں، حضرت امام حسینؓ کی جدوجہد کا بنیادی ہدف ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف سینہ سپر ہونے کے شعور کو بیدار کرنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی تاریخ عالم کا درخشاں باب ہے، شہدا کربلا کی یاد تاابد مظلوم قوموں کو حوصلہ اور ولولہ عطا کرتی رہے گی ، مٹانے والے خود مٹ گئے، حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھی ہمیشہ کیلئے امر ہوگئے۔

مریم نواز نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت کی صدائے انقلاب ہر دور میں بلند ہوتی رہی ہے اور ہوتی رہے گی ، نواسہ رسولﷺ کی جدوجہد ظلم اور جبر کے خلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ آج یوم عاشور پر ہمیں حضرت امام حسینؓ کی درخشاں تعلیمات کے مطابق عمل پیرا ہونے کا اعادہ بھی کرنا ہے، واقعہ کربلا حق گوئی اورظلم کے خلاف آواز کی جرات کی ترغیب دیتا ہے، محرم الحرام ہمیں انفرادی اصلاح، اجتماعی فلاح اور باہمی اتحاد کا پیغام دیتا ہے۔