نمبرز پورے ہونے پر تحریک عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے: فیصل کریم کنڈی

Published On 11 July,2025 05:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں 30 ایم پی ایز آزاد ہو چکے ہیں، جب نمبرزپورے ہوں گےتوتحریک عدم اعتماد لائی جاسکتی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی لوگوں سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس نمبرز زیادہ ہوں تو عدم اعتماد لانے کا حق بنتا ہے، جب بھی نمبرز پورے ہوں گے تو ہمیں اس جمہوری حق سے کوئی نہیں روک سکتا۔

فیصل کریم کندی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے پرانا تعلق ہے، سیاست میں اتحاد بنتے اور ٹوٹتے بھی رہتے ہیں، کوشش ہے کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخاب پر 5 سیٹیں نکالیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبہ میں دہشت گردی میں افغان سرزمین استعمال ہوتی ہے، بار بار افغان حکومت کو کہا ہے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دے، ہمیں دہشت گردی کے خلاف اکٹھا ہونا پڑے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تحریک انصاف اختلافات کا شکار ہے، چاہتے ہیں خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن بھرپور کردار ادا کرے، خیبرپختونخوا میں لوٹ مارجاری ہے۔