بغدادی میں عمارت گرنے کے واقعے کے ذمہ دارمستعفی ہوں: نبیل گبول کا مطالبہ

Published On 06 July,2025 08:52 pm

کراچی:(دنیانیوز) لیاری سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے بغدادی میں عمارت گرنے کے واقعے کے ذمہ داروں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

 عمارت گرنے کے مقام کے دورے کے دوران نبیل گبول کا کہنا تھا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) بدعنوان ادارہ ہے، ڈی جی ایس بی سی اے اُن کا فون تک نہیں اٹھاتے۔

انہوں نے کہا کہ کیا سعید غنی سے بھی استعفیٰ کا مطالبہ کریں، کہا جاتا ہے ایس بی سی اے کا ڈی جی ڈان ہے، اس کو کچھ کہیں گے تو اوپر سے فون آجائے گا۔

رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ جب سے ایم این اے بنا ہوں کئی عمارتیں گروائیں، 3 ماہ بعد دوبارہ تعمیر ہوجاتی ہیں، دو چار افسران کو میں نے ٹرانسفر بھی کرایا، وہ بلڈر سے پیسے لیتے ہیں۔

نبیل گبول نے مزید کہا کہ لوگ غیر قانونی تعمیرات کی طرف کیوں جاتے ہیں،لوگوں کو شعور دینا ہے، 122 عمارتوں کے خلاف کیسے آپریشن کریں گے، لوگوں کو گھروں سے نکالنا مذاق نہیں، بہت بڑا آپریشن ہے۔