عمران خان اپنے ہی لوگوں کی سیاست کی وجہ سے جیل میں ہیں: شرجیل میمن

Published On 03 July,2025 03:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے ہی لوگوں کی سیاست کی وجہ سے جیل میں ہیں، پی ٹی آئی کو کسی سے خطرہ نہیں وہ خود اپنی دشمن ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کہ محرم الحرام کیلئے وزیراعلیٰ سندھ نے خصوصی اقدامات کیے ہیں، وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ نے علمائے کرام سے ملاقاتیں بھی کی ہیں، جلوسوں کیلئے سندھ بھر میں 49 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے، امن و امان قائم رکھنے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چنگ چی رکشہ ایسوسی ایشن نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے، حکومت سندھ نے قانون کے تحت 11 شاہراہوں پر چنگ چی رکشہ پر پابندی لگائی تھی، انتظامی معاملات چلانا سندھ حکومت کی ذمے داری ہے، چنگ چی رکشوں کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل سامنے آ رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم نے 93 ہزار 118 اساتذہ کو بھرتی کیا ہے، بھرتی کا عمل شفاف تھا، ایک بھی بھرتی سفارش پر نہیں ہوئی، لاکھوں روزگار دینے والوں نے صرف نعرے لگائے اور عمل پیپلز پارٹی نے کیا، 93 ہزار خاندانوں کو روزگار بھی ملا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت بہترین طبی اور تعلیم کی سہولتیں فراہم کر رہی ہے، روزگار کی فراہمی میں بھی صوبائی حکومت سب سے آگے ہے، 2100 افراد اقلیتوں کے کوٹے پر بھرتی ہوئے، 1330 خصوصی افراد کو بھی بھرتی کیا گیا، سوشل سیکٹر اور انفراسٹرکچر کی بہتری میں بھی سندھ حکومت آگے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے ملک و قوم کیلئے کچھ نہیں کیا، وہی الزامات کی سیاست کر رہے ہیں، ایک سابق وفاقی وزیر جو کئی پارٹیوں میں رہ چکے ہیں وہ سیلاب کے وقت کے اعداد و شمار دے رہے ہیں، سیلاب کے بعد سکولوں کی حالت بہتر کرنے میں وفاقی حکومت سے وہ مدد نہیں ملی جس کا وعدہ کیا گیا تھا۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا کام صرف منفی سیاست اور تنقید ہے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ فتنے والی سیاست کی ہے، ایم کیو ایم کو بہت درد ہے تو بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے لیتے، ہم بانی پی ٹی آئی کی طرح کسی کو گالی نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو اپوزیشن کی ضرورت نہیں ہے، پی ٹی آئی کو کسی اور سے کوئی خطرہ نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنے ہی لوگوں کی سیاست کی وجہ سے جیل میں ہیں۔

شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا امن و امان کی بدترین صورتحال سے گزر رہا ہے اور وہ اسے بہتر کرنے کے بجائے اسلام آباد پر چڑھائی کی باتیں کرتے ہیں، احتجاج کا سب کو حق ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ سڑکیں بند کر دی جائیں، ریڈ زون کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔