اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ ہم جنگ جیتنےکےباوجود امن کی بات کرتےہیں۔
اسلام آباد پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پریس کلب دعوت پرشکرگزارہوں، بھارت کےخلاف پاکستان کوتاریخی فتح حاصل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ہم سے7گنا بڑا ملک اوروسائل میں بھی زیادہ ہے، بھارت کوتاریخی شکست ہوئی، ہم نےانڈیا کو سفارتی سطح پر بھی شکست دی، بیانیےکےمحاذ پربھی پاکستان فتح یاب ہوا، جنگ کےدوران پاکستان کے میڈیا کا کرداربھی تاریخی تھا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کےمحاذ پر بھی بھارت شکست کھاگیا، بیانیےکی جنگ میں پاکستانی میڈیا نےصف اوّل کا کردارادا کیا، پانچ دن کی جنگ میں پاکستانی میڈیا نے اپنی ساکھ بنائی، ہمیں پاکستانی میڈیا پر فخرہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعےکا بے بنیاد الزام پاکستان پر لگایا، وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ ہم شفاف تحقیقات کرانے کے لیے تیارہیں، اب شفافیت مشکل مرحلہ نہیں، سیٹلائٹ کا زمانہ ہے، ہم نسل درنسل کشمیر کے لیے لڑتے رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں پاکستان معاشی طور پر ترقی کرے اورعوام کو فائدہ ہو۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ بھارت چاہتا ہےڈونلڈ ٹرمپ کی سیزفائرکی کوشش ناکام ہو، پاکستان نےایک ذمہ دارنیوکلیئراسٹیٹ کا کردارادا کیا ہے، پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی ملک ہیں۔