دعا گو ہوں نیا ہجری سال ملک میں امن، خوشحالی، استحکام لیکر آئے: صدر مملکت

Published On 27 June,2025 02:54 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے ہجری سال 1447ھ کے آغاز پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارک باد دی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ بارگاہ رب تعالیٰ میں دعا گو ہوں کہ ہجری سال وطنِ عزیز میں امن، خوشحالی اور استحکام لے کر آئے، یہ مہینہ اسلامی ہجری سال کے حرمت والے مہینوں میں سے ایک ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس با حرمت مہینے میں ہر قسم کے انتشار اور لڑائی جھگڑے سے منع فرمایا ہے، اللہ تعالیٰ نے اس مہینے نیکی اور بندگی کے کاموں میں مشغول رہنے کی تلقین فرمائی، یہ مقدس مہینہ ہمیں تلقین کرتا ہے کہ ہم اپنی انفرادی زندگی کو بھی اجتماعی شعور سے جوڑیں۔

یہ بھی پڑھیں: محرم الحرام کا چاند نظر آگیا، یوم عاشور 6 جولائی اتوار کو ہوگا

صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں عدل و انصاف، حسنِ سلوک، ایثار، رواداری اور برداشت جیسے اوصاف کو اپنی زندگی میں شامل کرنا چاہئے، ہمیں اپنے معاشرتی، معاشی و سماجی چیلنجز کے مقابلے کے لیے اتحاد، اخوت اور قومی یکجہتی جیسے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ محرم ہمیں امام حسینؓ کے نقش قدم پر چلنے کا درس دیتا ہے، جذبہ کربلا ہمیں فرقہ واریت، انتشار اور مایوسی سے نکالتا ہے، دعا ہے یہ سال پاکستان کے لئے خیر، امن اور ترقی کا پیغام لائے، اللہ پاکستان کو ہر آفت، مصیبت اور انتشار سے محفوظ رکھے۔

صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ دعا ہے کہ یہ سال ملت اسلامیہ اور انسانیت کے لئے خوشحالی کا سال بنے۔