لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ اگر قیادت نے لاہور سے تحریک کا آغاز کرنے کا کہتی ہے تو پنجاب اور ہمارے 107 ایم پی ایز لبیک کہیں گے، ہم سیسہ پلائی دیوار کی طرح بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس صوبے میں فسطائیت کا سامنا ہے، یاسمین راشد، محمود الرشید، شاہ محمود قریشی، اعجاز چودھری اور سرفراز چیمہ تکالیف دیکھ کر ہمیں اپنی تکلیفیں چھوٹی لگتی ہیں۔
ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ چیف منسٹر پنجاب پچھلی دفعہ جب اسمبلی آئیں تو ہمارے گیارہ ممبر معطل ہوئے، اس دفعہ آئیں تو 26 ممبر معطل ہوئے، اس سے اندازہ لگائیں کہ وہ پی ٹی آئی کے 107 ٹائیگرز سے کتنی خوفزدہ ہیں۔
پنجاب پی ٹی آئی کا دل، یہاں کا ہر شہری تحریک انصاف کا محافظ ہے: علی امین گنڈاپور
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی محبت اور جذبہ ناقابلِ بیان ہیں، ہر دل سے بانی پی ٹی آئی کی آواز بلند ہو رہی ہے، پنجاب کے عوام نے جس گرمجوشی سے استقبال کیا، وہ ہماری قومی یکجہتی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پی ٹی آئی کا دل ہے، یہاں کا ہر شہری تحریک انصاف کا محافظ ہے، پھولوں کی پتیاں، محبت بھرے نعرے اور استقبال نے دل جیت لیا، پنجاب کے ہر اُس فرد کا مشکور ہوں جو بانی پی ٹی آئی کا سپاہی بن کر کھڑا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ یہ منظر گواہی دے رہا ہے کہ پاکستان کے کونے کونے میں بانی پی ٹی آئی کا پیغام گونج رہا ہے، ہم پر جو محبت نچھاور کی گئی، وہ ہمارے دلوں پر نقش ہو چکی ہے۔
لاہور سے شروع ہونیوالی تحریک پورا ملک فتح کرے گی: علی محمد خان
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا کہ لاہور آ کر پرانی یادیں تازہ ہو گئیں، ہماری لاہور سے یادیں بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے ہیں،
ممبر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ 2013 میں بھی ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا گیا تھا، 2024 میں بھی ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا گیا، بانی پی ٹی آئی نے وزیر اعظم منتخب ہو کر کہا تھا میں سیاست کرنے نہیں آیا میں اس ملک کو ٹھیک کرنے آیا ہوں۔
علی محمد خان نے ہکا کہ آج لاہور آنے کا مقصد یہ ہے کہ لاہور پاکستان کا سیاسی مرکز ہے، جب بھی کوئی تحریک لاہور سے چلتی ہے وہ پورے پاکستان میں فتح حاصل کرتی ہے۔