لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے معطل ارکان کی نااہلی ریفرنس کے معاملہ پر دونوں فریقین کی جانب سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کے ساتھ اپوزیشن کے معطل 26 ارکان کی نااہلی ریفرنس پر ملاقات ہوئی، ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی، جس میں مختلف امور زیر غور آئے، اپوزیشن کے معطل ارکان کی قیادت اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کی۔
سپیکر کی معاونت کیلئے پارلیمانی امور کے وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمان، چیف وہپ رانا محمد ارشد سمیت دیگر اہم رہنما موجود تھے۔
سپیکر ملک احمد خان اور اپوزیشن ارکان کے درمیان ملاقات میں دونوں طرف سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، مذاکرات کا دوسرا سیشن اتوار کو ہوگا۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر کا کہنا ہے کہ ہماری سپیکر کے ساتھ سماعت تھی ملاقات نہیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹوں سے متعلق رانا ثنا اللہ کا بیان درست نہیں۔