پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے کہا ہے کہ پورا صوبہ بدامنی، دہشتگردی اور عوامی بے یقینی کی حالت میں ہے جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے لاؤ لشکر کے ساتھ پنجاب ایم پی ایز سے اظہارِ یکجہتی کے نام پر لاہور میں سیاسی شو کر رہے ہیں۔
اپنے بیان میں ڈاکٹر عباد اللہ کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے جان و مال کی کوئی اہمیت نہیں رہی اور ایسے وقت میں جب صوبے کے عوام مسائل کا شکار ہیں، وزیراعلیٰ کا لاؤ لشکر لے کر لاہور جانا عوامی احساسات کے ساتھ مذاق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی اعلان کیلئے سرکاری خزانے سے لاکھوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جو سراسر ناانصافی ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہزاروں گاڑیوں پر مشتمل قافلہ کس قانون اور انصاف کے تحت روانہ کیا گیا؟
ڈاکٹر عباد اللہ نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا یہ طرزعمل عوامی خدمت نہیں بلکہ سیاسی نمائش ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت کو عوامی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں۔
اپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو بدامنی، مہنگائی اور بے یقینی سے نکالنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں اور حکومت اپنی ترجیحات درست کرے۔