اپوزیشن اراکین کیخلاف کارروائی، سپیکر کے پی کے نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو خط لکھ دیا

Published On 12 July,2025 05:22 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کے خلاف سپیکر کی جانب سے کارروائی کا معاملہ، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے پنجاب اسمبلی کے سپیکر کو خط لکھ دیا۔

خط میں کہا گیا کہ 26 اپوزیشن اراکین پنجاب اسمبلی کو معطل کیا گیا ہے، معلوم ہوا ہے کہ ان 26 ممبران کو نااہل کرنے کی بھی درخواست جمع کی گئی ہے۔

سپیکر کے پی کے اسمبلی نے خط میں کہا کہ ممبران کی معطلی کے بعد ان کے خلاف نااہلی کا اختیار استعمال کرنا ٹھیک نہیں، ممبران کو نااہل کرانا آئین کا غلط استعمال کرنے کے مترادف ہوگا۔

خط میں کہا گیا کہ یہ اقدام منتخب اراکین کی بے توقیری سمجھی جائے گی، ہمیں ہر صورتحال میں تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ سیاسی استحکام برقرار رکھتے ہوئے چلنے کی ضرورت ہے۔

سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے پنجاب اسمبلی کے سپیکر کو خط میں کہا کہ اسمبلی کا یہ اقدام ایک غلط روایت طے کرے گا۔