مخصوص نشستوں پر بحال ارکان کو معطلی کے دورانیہ کی تنخواہیں دینے کا فیصلہ

Published On 07 July,2025 03:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مخصوص نشستوں پر بحال اراکین کی چاندی ہوگئی، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کی تمام مخصوص نشستوں پر بحال اراکین کو معطلی کے عرصے کی تنخواہیں ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

پارلیمانی ذرائع نے بتایا ہے کہ ان 77 اراکین کو 13 مئی 2024 کو معطل کیا گیا تھا، معطلی کا نوٹیفکیشن ہوتے ہی ان کی تنخواہیں روک لی گئی تھیں۔

قومی اسمبلی کے مجموعی طور پر 22 اراکین معطل ہوئے تھے، ان میں 19 خواتین 3 اقلیتی اراکین شامل تھے، ان میں 22 میں سے 19 کی بحالی کا نوٹیفکیشن ہوچکا ہے، تین نشستوں پر ہونا باقی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے ان 19 اراکین کو 13 مئی سے لے کر عدالتی فیصلے کی تاریخ تک بنیادی تنخواہیں ادا کی جائیں گی، ان اراکین کو ٹی اے ڈی اے اور دیگر الاؤنسز نہیں ملیں گے، تیرہ مئی 2024 سے 31 دسمبر 2024 تک ڈیڑھ لاکھ فی رکن بنیادی تنخواہ ادا کی جائے گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ یکم جنوری 2025 سے عدالتی فیصلے تک بڑھی ہوئی تنخواہ کے تناسب سے بنیادی تنخواہ ملے گی، اسی طرح صوبائی اسمبلی کی 55 مخصوص نشستوں کے اراکین کو بھی بنیادی تنخواہ ان کی اسمبلیوں کے ایکٹ کے مطابق ادا ہوگی۔