انڈونیشین وزیر دفاع کا جی ایچ کیو کا دورہ، فیلڈ مارشل سے ملاقات

Published On 15 July,2025 06:35 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجعفری سجامس الدین(Sjafrie Sjamsoeddin) نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈونیشین وزیر دفاع جنرل(ر) سجعفری سجامس الدین(Sjafrie Sjamsoeddin) نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون پر زور دیا گیاجب کہ فیلڈ مارشل نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

دوسری جانب انڈونیشین وزیر دفاع نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔