فیلڈ مارشل کا پشاور کا دورہ: شہدا کی نمازجنازہ میں شرکت اور زخمیوں کی عیادت کی

Published On 28 June,2025 10:10 pm

راولپنڈی :(دنیا نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں سکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے دورے کے دوران بنوں گیریژن کے واقعے کے شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور بنوں سی ایم ایچ میں زخمیوں کی عیادت کی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کا مقابلہ کرنے والے سکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کے عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کے سربراہ نے یقین دہانی کرائی کے دہشت گردوں کے تمام سہولت کاروں، حامیوں اور ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا  تھا کہ فیلڈ مارشل نے عوام کو بھی باور کرایا کہ معصوم پاکستانیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور بدلہ لیا جائے گا جب کہ پاکستان کی اندورنی سلامتی کو سبوتاژ کرنے والے کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔