راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گرد جہنم واصل جبکہ میجر شہید ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع آواران میں آپریشن کیا، کارروائی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 3 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر رب نواز طارق شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 34 سالہ میجر رب نواز کا تعلق ضلع مظفرآباد سے ہے، شہید میجر نے بہادری سے لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں مزید کسی دہشت گرد کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک سے انڈین سپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔