راولپنڈی: (دنیا نیوز) کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشان حیدر کی آج 26 ویں برسی منائی جا رہی ہے، صدر اور وزیراعظم نے شہید کی بے مثال بہادری کو یاد کرتے ہوئے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، ایئرچیف، نیول چیف اور افواج پاکستان نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشان حیدر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اس کے علاوہ میجر جنرل انجم ریاض نے شہید کے مزار پر حاضری دی اور قبر پر پھول بھی رکھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ کرنل شیرخان شہید نے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان قربان کی، وہ افواج پاکستان اور پوری قوم کے لیے ہمیشہ ایک عظیم مثال، تحریک کا ذریعہ رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن کرنل شیر خان کی قربانی آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، ہم اپنے اس عظیم ہیرو کو سلام پیش کرتے ہیں اور مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو خراجِ عقیدت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کے 26 ویں یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے دشمن کے خلاف بے مثال جرأت، بہادری اور قربانی کا مظاہرہ کیا، شہید کی قربانی ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دے کر ایک سچے سپاہی ہونے کا ثبوت دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم شہید کی قربانی، بہادری اور فرض شناسی کو ہمیشہ فخر سے یاد رکھے گی، شہداء کی قربانیاں ہماری آزادی، خودمختاری اور سلامتی کی ضمانت ہیں۔
کیپٹن کرنل شیر خان نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا: وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کے 26 ویں یوم شہادت کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے کارگل کے محاذ پر بے مثال بہادری، جرات اور شجاعت کا مظاہرہ کیا، جس کی دشمن بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے وطن سے وفاداری، فرض شناسی اور دفاع وطن کے لیے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر لڑنے کی ایسی مثال قائم کی جو ہمیشہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے جوانوں کے ملک کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کرتی ہے اور افواج ِپاکستان کی اس ملک کے دفاع کے لیے لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔