ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے جنوبی افریقی ائیر چیف کی ملاقات

Published On 02 July,2025 09:03 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے جنوبی افریقی ایئر چیف سیمو مِبامبو نے پاک فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مِبامبو کو پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، ملاقات کے دوران پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان فضائی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے جنوبی افریقی فضائیہ کی تربیت اور صلاحیتوں میں اضافے کی پیشکش کی، جنوبی افریقی ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری اور دفاعی صلاحیتوں کی تعریف کی۔

جنوبی افریقی ایئرچیف نے فضائیہ کی تربیتی نظام میں اصلاح کے لیے پاکستان سے تعاون کی درخواست کی اور پاک فضائیہ کی جنگی مشقوں میں مبصر کی حیثیت سے شرکت کی خواہش کا اظہار کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے C-130 طیاروں کی مرمت اور معائنہ پاکستان میں کرانے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔