بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 2 دہشتگرد ہلاک

Published On 29 June,2025 04:46 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع دکی میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 بھارتی سپانسر شدہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے، ہلاک دہشتگرد متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔