راولپنڈی:(دنیا نیوز) خیبر پختوںخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملے میں 13جوان شہید جب کہ جوابی کارروائی میں 14خواجی جہنم واصل کردیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے میر علی میں سکیورٹی فورسز کےقافلے پر خودکش حملہ کیا گیا، حملے میں 13جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ گاڑی میں سوار خودکش حملہ آور نے سکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو قافلے کے آگے موجود دستے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس کے مذموم منصوبے کو ناکام بنا دیا، مایوسی کے عالم میں خوارج نے بارود سے بھری گاڑی قافلے کے اگلے دستے کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں دھرتی کے 13بہادر سپوت صوبیدار زاہد اقبال، حوالدار سہراب خان، حوالدار میاں یوسف ، نائیک خطاب شاہ، لانس نائیک اسماعیل اور سپاہی روحیل ، سپاہی محمد رمضان، سپاہی نواب، سپاہی زبیراحمد، سپاہی محمد سخی، سپاہی ہاشم عباسی، سپاہی مدثر اعجاز، سپاہی منظر علی جام شہادت نوش کرگئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ افسوسناک اور سفاک واقعے میں 2 بچے اور ایک خاتون شدید زخمی ہوئی، علاقے میں سینی ٹائزیشن آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلہ میں سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کے دوران 14خوارجیوں کو جہنم واصل کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ حملہ بھارت کی دہشت گرد ریاست کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں فتنہ الخوارج نے کیا۔