میجر سید معیز عباس شہید کی نماز جنازہ ادا، فیلڈ مارشل کی شرکت

Published On 25 June,2025 12:06 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) گزشتہ روز شہید ہونے والے میجر سید معیز عباس کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر سید معیز عباس شاہ شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ ،اعلیٰ فوجی و سول حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر سید معیز عباس بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، شہید نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان قربان کی، میجر سید معیز عباس شہید نے بہادری، قربانی اور حب الوطنی کی بلند روایات قائم کیں۔

سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ قوم شہید کے ورثاء کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کیلئے دی گئی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے، ہم اپنے شہداء کے ہمیشہ مقروض ہیں، ہمارے شہداء کا لہو ہماری قوم کی طاقت کی بنیاد ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید کی میت اُن کے آبائی علاقے روانہ کر دی گئی جہاں اُنہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خوارج کا مقابلہ کرتے ہوئے 2 بہادر سپوت میجر سید معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ جام شہادت نوش کر گئے تھے۔