اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاک بحریہ نے سمندر میں زخمی بھارتی عملے کو بچانے کے لیے کامیاب ریسکیو آپریشن کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جاری اعلامیہ میں بتایا کہ لائبریریا کے آئل ٹینکر ایم ٹی ہائی لیڈر نے اپنے زخمی بھارتی عملے کے لیے طبی امداد کی درخواست کی تھی۔
ترجمان پاک فوج کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاک بحریہ کےجوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (جے ایم آئی سی سی) نے ہنگامی کال سنتے ہی انتہائی سبک رفتاری سے ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عملے کے زخمی رکن کو پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے ذریعے ہنگامی طبی امداد کے لیے کراچی کے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان پک فوج کا مزیدکہنا تھا کہ بھارتی عملے کا بروقت اور کامیاب ریسکیو آپریشن پاک بحریہ کی قومیت سے بالاتر ہو کر بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے عزم کا مظہر ہے اور یہ اقدام سمندر میں انسانی جانوں کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ کے مثالی کردار کا عملی ثبوت ہے۔