اطالوی بحری جہاز آئی ٹی ایس انتونیو مارچیلیا کی کراچی آمد، پُرتپاک استقبال

Published On 17 June,2025 05:40 pm

کراچی: (دنیا نیوز) اطالوی بحری جہاز آئی ٹی ایس انتونیو مارچیلیا کی کراچی آمد ہوئی۔

پاک بحریہ کے آفیشلز اور اطالوی سفیر مریلینا ارملن نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا، اطالوی بحریہ کا جہاز آئی ٹی ایس انتونیو مارچیلیا تین روزہ خیر سگالی دورےپر کراچی پہنچا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اطالوی بحری جہاز کے دورے کا مقصد دو طرفہ بحری تعاون کا فروغ اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں میں اضافہ ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران دونوں بحری افواج کے اہلکاروں کے مابین پیشہ ورانہ ملاقاتیں اور مشترکہ مشقیں منعقد کی جائیں گی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ اطالوی بحریہ کے جہازوں کی باقاعدگی سے پاکستان آمد بالعموم پاک اطالوی دو طرفہ تعلقات اور بالخصوص دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے بحری تعاون کی مظہر ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیوی اہم بین الاقوامی نیویز سے دیرپا بحری تعاون کے فروغ کےلئے کوشاں ہے۔