راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹی ٹیوٹ کراچی کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر وار کالج آمد پر کالج کے صدر ایئر وائس مارشل راشد حبیب نے استقبال کیا، مہمانِ خصوصی نے ادارے میں فراہم کی جانے والی علمی و پیشہ ورانہ اعلیٰ تعلیم کو سراہا۔
چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مستقبل کی عسکری قیادت کی تربیت میں اس کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔
نیول چیف نے ایئر وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشنل تیاری جدید جنگ میں کامیابی کی بنیاد ہے، نیول چیف نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت کو سراہا۔
چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ فضائیہ کی آپریشنل تیاری سے خطے میں دفاعی توازن کا منظرنامہ تبدیل ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف نے کہا کہ پاکستان نیوی کی جنگی صلاحیتوں میں سطحِ آب، زیرِ آب اور فضائی تمام شعبوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا، پاک نیوی زیادہ متحرک اور مؤثر بحری قوت کے طور پر ابھری ہے۔
نیول چیف نے کہا کہ تزویراتی اہداف کے حصول کے لیے سروسز کے درمیان تعاون ناگزیر ہے، نیول چیف نے پاک فضائیہ کے ساتھ زیادہ کثرت سے اور مربوط مشترکہ آپریشنل مشقوں کے آغاز کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ جدید جنگوں میں تکنیکی جدت کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے درمیان مجوزہ سٹریٹجک اشتراک مقامی سطح پر بغیر پائلٹ نظاموں کی تیاری کو فروغ دے گی۔
نیول چیف کا کہنا تھا کہ اس سے پاکستان کی تکنیکی خودانحصاری اور دفاعی شعبے میں عملی برتری کو تقویت ملے گی۔