راولپنڈی: (دنیا نیوز)سکیورٹی فورسز نے بھارتی سپانسرڈ شرپسندوں کی افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، بھارتی حمایت یافتہ 30 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی اور ہلاک ہونے والے خوارجیوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی بھارتی حمایت یافتہ خارجیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، سکیورٹی فورسز ہر فتنے پر قابو پانے کیلئے تیار ہیں، سکیورٹی فورسز بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکورٹی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کسی ممکنہ تباہی سے بچالیا، افغان عبوری حکومت پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین غیر ملکی پراکسیز کے ہاتھوں استعمال ہونے سے روکے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں۔
صدر مملکت کا فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار
صدر مملکت آصف علی زرداری نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور ملکی دفاع کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔
صدر مملکت نے بھارتی حمایت یافتہ 30خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فورسز کی بہادری کو سراہا اور کہا کہ فورسز کی کامیاب کارروائیاں خوش آئند ہیں۔
وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو کامیاب کارروائی پر خراج تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں دراندازی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 30 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی اور کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے پاکستان کی بہادر افواج سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے، ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی: وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک افغان سرحد سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے 30 دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے، فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا انجام عبرتناک موت ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور پشت پناہی کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے پر سیکورٹی فورسز کو سلیوٹ کرتے ہیں۔