پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس، ناقابل تسخیر سمندری دفاعی صلاحیتوں کو سراہا گیا

Published On 16 July,2025 05:21 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس کا نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں انعقاد کیا گیا۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کانفرنس کی صدارت کی ایڈمرل نوید اشرف نے معرکہ حق کے دوران پاک بحریہ کی ناقابل تسخیر سمندری دفاعی صلاحیتوں کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نیول چیف نے بحری راستوں پر تجارت کی روانی اور بندرگاہوں پر بلا تعطل آپریشنز یقینی بنانے کے اقدامات کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے میری ٹائم ڈومین میں ممکنہ روایتی اور غیر روایتی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔

نیول چیف نے بحری نگرانی اور آپریشنزز کیلئے ڈرونز، زیرِ آب اور سطحِ آب پر چلنے والی خودکار کشتیوں(بحری ڈرونز) کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں نیول چیف کی سربراہی میں پرنسپل سٹاف آفسرز اور فیلڈ کمانڈرز نے پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیا۔