انصاف کے بغیر کسی قوم کی تقدیر روشن نہیں ہوسکتی: مریم نواز

Published On 17 July,2025 10:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ انصاف کے بغیر کسی قوم کی تقدیر روشن نہیں ہوسکتی۔

عالمی یومِ انصاف پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اپنے خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ انصاف وہ روشنی ہے جو قوموں کی تقدیر بدل دیتی ہے، جہاں انصاف کا چراغ بجھ جائے، وہاں ظلم کی تاریکی پورے معاشرے کو نگل لیتی ہے، انصاف وہ سورج ہے جس کی روشنی کے بغیر کسی قوم کی تقدیر کبھی روشن نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ جہاں ناانصافی ہو، وہاں بداعتمادی، نفرت، فتنہ اور انتشار جنم لیتے ہیں، ناانصافی صرف فرد کو نہیں توڑتی بلکہ یہ پورے معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیتی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ہر سطح پر انصاف اور مساوات کو اپنی پالیسیوں کا مرکزی ستون سمجھتی ہے، ہم نے سی سی ڈی اور پیرا جیسے ادارے قائم کئے ہیں تاکہ ناانصافی کا قلع قمع کیا جا سکے اور ہر فرد کو اس کا جائز حق بلاامتیاز دیا جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب انصاف کے قیام کو اپنی ترجیح اور عہد سمجھتی ہے، انصاف نہ ہو تو ترقی، تعلیم، صحت اور خوشحالی سب ادھورے خواب بن جاتے ہیں، یہ ہماری ذمہ داری بھی ہے اور حکومت ہونے کے ناطے ہمارا وعدہ بھی کہ ہم ہر شہری کو انصاف فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ معاشرتی انصاف کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ انصاف وہ روشنی ہے جو پنجاب کے ہر شہری کی زندگی کو روشن کر سکتی ہے۔