مظفر آباد: (دنیا نیوز) 19جولائی1947 کشمیریوں کا پاکستان سے یوم الحاق کا دن، کشمیری اسی عہد کی تجدید کرتے ہوئے آج یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں۔
کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں نے 19جولائی 1947کو سرینگر میں سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں متفقہ طور پر پاکستان کے ساتھ جموں وکشمیر کے الحاق کی قرارداد منظور کی تھی، یہ قرارداد جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ گہرے مذہبی، جغرافیائی، ثقافتی اور تہذیبی رشتوں پر مبنی ہے ، جو لاکھوں کشمیری مسلمانوں کی اجتماعی خواہش کی عکاسی کرتی ہے۔
کُل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس قرارداد کی اہمیت آج مزید بڑھ گئی ہے کیونکہ بی جے پی کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی اپنی مذموم کوششیں تیز کر دی ہیں، بھارت کے وحشیانہ ظلم وتشدد کے باوجود کشمیریوں کی پاکستان کے ساتھ محبت میں کوئی کمی نہیں آئی، وہ 19جولائی کی قرارداد اور شہید سید علی گیلانی کے تاریخی نعرے ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے کی رہنمائی میں اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے کیلئے پُرعزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم الحاق کشمیرکے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کی 10لاکھ فوج کی درندگی کشمیریوں کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہی، وقت گزرنے کیساتھ کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں اضافہ ہو ا۔
شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ آج کشمیریوں کی تیسری نسل بھی حق خوداردیت کیلئے پرعزم ہے، حکومت، پاکستان کے عوام کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان سے محبت کشمیریوں کے خون میں دوڑتی ہے، پاکستان کشمیریوں کی امیدوں، آرزوؤں اور قربانیوں کا مرکز ہے، بھارت کشمیریوں کی پاکستان سے محبت سے خائف ہے۔