کراچی: (دنیا نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہید کشمیری رہنما برہان وانی کی یاد اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے 8 جولائی کو کراچی میں جموں و کشمیر بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص عوامی ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس جموں کشمیر کے جنرل سیکرٹری پرویز احمد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت جموں و کشمیر میں جھوٹے فلیگ آپریشنز کو طویل عرصے سے نفسیاتی جنگ کے گھناؤنے آلات کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
پرویز احمد شاہ نے کہا کہ جھوٹے فلیگ آپریشنز کو بھارتی ایجنسیوں نے تحریک آزادی کو ختم کرنے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے تیار کیا، ان سازشوں میں مودی حکومت ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری جموں کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے، پاکستان نے بھارت کو باوقار اور پرعزم انداز میں دفاعی اور سفارتی سطح پر ایک مناسب اور درست جواب دیا۔
پریس کانفرنس میں موجود ایم کیوایم پاکستان، مرکزی مسلم لیگ، مسلم لیگ فنکشنل اور پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر نے ریلی کی حمایت کا اعلان کیا۔