مظفر آباد: (دنیا نیوز) تحریک آزادی جموں وکشمیر کے عظیم کشمیری رہنماء میر واعظ محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کا یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔
ریاست جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر بھارت نے 7 دہائیوں سے زائد عرصہ سے غیر قانونی قبضہ جما رکھا ہے، اس غیر قانونی تسلط کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کرنے والے اُس دور کی توانا آواز میر واعظ مولوی محمد فاروق کو 21 مئی 1990 میں سری نگر میں گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔
عظیم کشمیری رہنما میر واعظ محمد فاروق کے جنازے میں شرکت کرنے والے 70 سے زائد بے گناہ سوگواران کو بھی بھارتی فورسز نے گولیاں مار کر شہید کیا۔
اس کے 12 برس بعد سری نگر میں شہداء کے قبرستان میں اجتماع سے خطاب کرنے کے بعد بھارت سے آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والے عظیم کشمیری رہنما خواجہ عبدالغنی لون کو 21 مئی 2002 میں شہید کر دیا گیا۔
بھارت نے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں حالیہ 35 برسوں کے دوران 96 ہزار 432 کشمیری شہید کئے ہیں یہ لوگ بھارت سے آزادی کیلئے پرامن جدوجہد میں مصرو ف تھے، بھارت کی ریاستی دہشتگردی کیخلاف احتجاج اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہر سال یہ دن تجدید عہد کے طور پر منایا جاتا ہے۔